Main Menu

اپنی فوج اور خفیہ ایجنسیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: وزیراعظم عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی بالخصوص انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ایجنسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ہماری اولین دفاعی لائن ہے اور دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی شمار ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر کہی۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے آمد پر وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔

وزیر دفاع پرویزخٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور داخلہ امورکے وزیر مملکت شہریار آفریدی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اورپاکستان کے عوام اپنی مسلح افواج اور خفیہ ایجنسیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستانی حکومت اور عوام ان اداروں کی بے مثال کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے انٹیلی جنس کے حوالے سے کامیابیوں کی بے حدتعریف کی۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ایک بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کی جہاں انہیں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے آٹھ گھنٹے پر محیط طویل بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان کو ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے بارے میں بریف کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ وزیراعظم نے شہدا کی یاد گار پر حاضری دی پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراکے ہمراہ جی ایچ کیو کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہیں 8طویل بریفنگ دی گئی تھی۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*