Main Menu

تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کے عوام کو متحد کرے گا: شاہد خاقان عباسی

پاکستان کے وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ ترکمانستان ‘افغانستان ‘ پاکستان اور بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے سے خطے کی عوام کو متحد کرنے میں مدد ملے گی، سماجی اور اقتصادی ترقی ہو گی اور امن کے ثمرات سے پورا خطہ مستفید ہو گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ترکمانستان کے سرحدی شہر سرحت آباد میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت ، بجلی کی ترسیل اور آپٹکس کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منصوبے کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ تمام فریقوں کے لئے یکساں فوائد کاحامل ہے اور اس سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ تاپی گیس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں ترکمانستان کے صدر قربان گل بردی محمدوف کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے اس منصوبے کو ایک حقیقت میں بدل دیاجس سے خطے میں تاریخی روابط کے احیائے نو کے مواقع سامنے آئے ہیں، الحمداللہ تاپی منصوبہ سے ایک حقیقت میں بدل رہا ہے اور یہ ایک تاریخی موقع ہے جو خطے کے ممالک کے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکمانستان ‘افغانستان ‘ پاکستان اور انڈیا تاپی منصوبے کے شراکت دار ہیں اور ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کے وڑن سے تاپی گیس پائپ لائن کے منصوبے کو انرجی اور کمیونیکیشن کوریڈور بنایا گیا ہے جس سے خطے کے ممالک کے سڑک‘ ریل ‘بجلی ‘ گیس ‘ آئی ٹی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں باہمی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور خطے میں امن و امان کی بحالی اور معاشی و اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*