Main Menu

 بی ٹی کاٹن بیج کی نئی اقسام دریافت کرنے پر پنجاب یونیورسٹی سائنسدانوں کو وائس چانسلر کا خراج تحسین

PUvChansoller

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے بی ٹی کاٹن بیج کی تین نئی اقسام دریافت کی ہیں جو کہ بیماریوں، وائرس کے خلاف مزاحمت کرنے کے ساتھ پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام بی اے /بی ایس سالانہ2017ءکے امتحانات میںنمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں الرازی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

 اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی زاہد بٹ، ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال ، ایڈیشنل کنٹرولرز راجہ شاہد جاوید،رﺅف نواز ، پوزیشن ہولڈر طالبات ان کے اساتذہ اور والدین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ بی ٹی کاٹن بیج ملک میں دریافت ہونے والی پہلی جدید جینیاتی بیج ہیں جو بیماریوں اور وائرس کے خلاف سخت مزاحمت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقسام کومالیکیولر جنیٹک انجینئرنگ اور ڈی این اے کلوننگ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹھ بین الاقوامی کمپنیوں نے ان اقسام کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بیجوں جن میں
CEMB-33, CEMB-Klean Cotton and CA-12
شامل ہیں جن کی دریافت پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں بشمول ڈاکٹر طیب حسنین ، ڈاکٹر ادریس ناصر، ڈاکٹر علی شاہد ، ڈاکٹر کوثر ملک ، ڈاکٹر بشریٰ راشد اور ڈاکٹر عبدالقیوم کی مشرکہ کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بیجوں کو پاکستانی زراعت میں استعمال کرنے کیلئے مارکیٹنگ کے ذریعے کمرشلائز کیا جائے گا جس سے نہ صرف ملکی معیشت میں 144بلین کا اضافہ ہو گا بلکہ پنجاب یونیورسٹی کو بھی آمدن حاصل ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ملک کو معاشی و سماجی طو ر پر مضبوط بنانے میں اپناکردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی طالبات کا نمایاں پوزیشنز حاصل کرنا قابل ستائش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طالبات کو پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ لینے پر 75ہزار روپے پیف سکالرشپ کی مد میں دیئے جائیں گے۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں ایک لاکھ روپے، 75ہزار روپے اور 65ہزارروپے بطورنقد انعام تقسیم کئے۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹرشاہد منیر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے بی اے /بی ایس سی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے اور کئی عرصے بعد بیچلر اور ماسٹرز لیول کے نصاب تعلیم کو دوبارہ مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی اے /بی ایس سی سالانہ 2017ءمیں پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا امتحان منعقدہوا جس میں 229, 401امیدواروں نے شرکت کی۔

 انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر طلباﺅ طالبات کی سہولیات کے پیش نظر پنجاب یونیورسٹی آن لائن داخلے اور ویریفیکیشن سسٹم شروع کر رہی ہے جسکے لئے بہت جلد ون ونڈو سیل کاافتتاح کر دیا جائے گا اور اس سے ڈیجیٹل انقلاب برپا ہوگا ۔ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سائنسدانوںکی جانب سے بی ٹی کاٹن بیج کی دریافت کی گئی بیماریوںاور وائرس کے خلاف مزاحمت کرنے اور پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھنے والی اقسام کےلئے سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی میں موجود کپاس میں موجود والی ناول جینزسے بھی فائدہ اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے منتخب کسانوں کو دریافت شدہ بیج اگلے سیزن کےلئے مہیا کئے جائیں گے۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*