Main Menu

سرگنگارام ہسپتال میں 400 بیڈ  کا نیا بلاک قائم کیا جائے گا:ایم ایس ڈاکٹرسید نعمان

syedNumanMatloobDr

 سرگنگارام ہسپتال کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر سید نعمان مطلوب کا کہنا ہے کہ سرگنگارام ہسپتال میں 7 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید یورالوجی بلاک بنارہے ہیں جس میں 4 آپریشن تھیٹر بیک وقت کام کریں گے ، 40 بیڈ پرمشتمل اس جدید بلاک میں مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کریں گے ، 3 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید نیوروتھیڑ مکمل ہوچکا ہے جس سے مریض مستفید ہورہے ہیں ، سرگنگارام ہسپتال کے پاس 22 کنال اراضی خالی ہے ، ہسپتال انتظامیہ 400 بیڈ کے نئے بلاک کی منصوبہ بندی کرچکی ہے جس پر رواں برس کام شروع ہوجائے گا، مریضوں کو فری میڈیسن اور ان ڈور یونٹ کی تعمیرو توسیع انتظامیہ کی ترجیحات ہیں ۔

 ڈاکٹر سید نعمان مطلوب نے ان خیالات کا اظہار ”سیاست پاکستان“ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہسپتال کے وسائل کو مناسب انداز میں استعمال کرتے ہوئے اس ہسپتال کو پاکستان کا جدید ترین ہسپتال بنائیں اس مقصد کے تحت سرگنگارام ہسپتال کی انتظامیہ نے 7 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید یورالوجی بلاک کا منصوبہ شروع کررکھا ہے جس میں 40 بیڈز اور 4 آپریشن تھیٹر مریضوں کے لئے دستیاب ہونگے ۔ اس کے علاوہ ہسپتال انتظامیہ 3 کروڑ روپے کی لاگت سے اپنے نیوروتھیٹر کے منصوبے کو مکمل کرچکی ہے جس سے نیوروکے مریض مستفید ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔

 انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کے پاس 22 کنال اراضی ایسی پڑی ہے جس کواستعمال میں لانے کے لئے ماہرین کی مدد سے منصوبہ بندی کررہے ہیں تاہم ہسپتال میں زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے نظریہ کے تحت انتظامیہ 400 بیڈ کے نئے بلاک کی منظوری لے چکی ہے جس پر امید ہے کہ رواں سال کام شروع کردیا جائے گا۔ مریضوں کو ملنے والی سہولیات کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر نعمان مطلوب کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ ایمرجنسی میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی اور ان ڈور یونٹ کی نئی تعمیر اور اس کی توسیع کو خاصی اہمیت دے رہی ہے جس پر کام ہونے سے مریضوں کو مزید سہولیات میسر آسکیں گی ۔

ان کا کہنا ہے کہ سرگنگارام ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیک سٹاف کی کمی ہے ۔ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی تعداد بہت زیادہ جبکہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعداد ضرور ت سے کم ہے جسے پوار کرنے کے لئے انتظامیہ کی کاغذی کارروائی پوری ہے ۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹروں اور مریضوں کی حفاظت کے پیش نظر ہسپتال کی سکیورٹی بہتر بنادی ۔ سرگنگارام ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سید نعمان مطلوب نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں سکیورٹی ایک ایسا مسئلہ ہے جسے ہم نظرانداز نہیں کرسکتے اس لئے ہسپتال انتظامیہ نے اس  اہم شعبہ کو بہتر بنانے کے لئے واک تھرو گیٹ اور ہسپتال کے داخلی و خارجی دروازوں پر چاک و چوبندسکیورٹی گارڈز تعینات کردیئے ہیں۔

انٹرویو : اشفاق مغل / تصاویر : شاہنواز

DSC_0012 DSC_0019 DSC_0021 DSC_0024






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*